شائع شدہ: 26 نومبر، 2025
اجتماع عام کا آغاز: نمازِ جمعہ اور روح پرور خطبہ
جماعت اسلامی پاکستان کے تحت ہونے والے بدل دو نظام، اجتماع عام کا آغاز نمازِ جمعہ سے ہوا۔ ڈاکٹر علی محی الدین قرہ داغی اور ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے خطبہ و نماز جمعہ کے فرائض سر انجام دیئے جبکہ ہزاروں کارکنان اقبال پارک لاہور میں ربِ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہوئے۔
’’بدل دو نظام، اجتماع عام‘‘ کی سرگرمیوں کا آغاز نمازِ جمعہ سے ہوا۔ اقبال پارک لاہور میں ملک بھر سے آئے کارکنان نے ایک بڑی اور منظم صف کی صورت میں جمع ہو کر اجتماع کی پہلی روحانی نشست میں شرکت کی۔
ڈاکٹر علی محی الدین قرہ داغی نے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کی اجتماعی قوت، اصلاحِ معاشرہ اور عدل کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کے بعد ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے نمازِ جمعہ کی امامت کروائی۔
نماز کے دوران اقبال پارک کا منظر عبادت، یکجہتی اور نظم و ضبط کا ایک خوبصورت امتزاج پیش کر رہا تھا۔ کارکنان کا پرخلوص اجتماع اس تاریخی ایونٹ کے آغاز کو ایک روحانی رنگ دے گیا اور پورے ماحول میں اطمینان و سکون کی فضا قائم رہی۔



